ہفتہ، 17 اکتوبر، 2015

اسٹیو ڈٹکو اور اِن کی تخلیقات



سٹیفن جے ڈِٹکو جنہیں ”اسٹیو“ بھی کہا جاتا ہے، 2 نومبر 1927ء کو، پینسیلوانیا کے شہر جونز ٹاؤن میں پیدا ہوئے۔ ڈِٹکو کی تخلیقات میں ماروَل کامکس کا مقبول ترین کردار سپائیڈر مین اور کرامتی سوپر ہیرو ڈاکٹر سٹرینج شامل ہیں۔

ڈِٹکو کا کامکس کی طرف رجحان تب ہوا جب اِنہوں نے نیو یارک شہر کے کارٹونسٹ اینڈ السٹریٹرز سکول میں بیٹ مین کامکس کے مصور جیری رابنسن کے تحت مطالعہ کیا۔ ڈِٹکو کا ابتدائی رجحان کامک انکنگ کی طرف تھا۔ انکنگ کامکی مصوری کا وہ مرحلہ ہے جہاں رف ڈرائنگ کو ٹھیک سے سیاہی کی مدد سے بنایا جاتا ہے۔ ڈِٹکو نے 1953ء میں کامک انکنگ سے ہی جو سائمن اور جیک کربی کے سٹوڈیو میں کام کرنا شروع کیا۔ اِن کو ساتھی کامک مصور مورٹن ”مورٹ“ میسکن کا کام بیحد پسند تھا اِسلئے اِن کے ابتدائی کاموں میں مورٹ کی آرٹ کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔

کیپٹن ایٹم کی تخلیق

اپنے مصوری پیشے کو تقویت دینے کے لئے، ڈِٹکو نے چارلٹن کامکس نامی ایک کمپنی کا رُخ کیا جہاں اِنہوں نے سائنس فکشن، ہارر، اور پراسراریت کی انواع میں کام کیا۔ 1960ء میں ڈِٹکو نے اپنا پہلا سوپر ہیرو کیپٹن ایٹم تخلیق کیا۔

ڈِٹکو کا پہلا سوپر ہیرو کیپٹن ایٹم
کیپٹن ایٹم اب ڈی سی کامکس کے کرداروں کا حصّہ بن چکا ہے۔ یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈِٹکو نے جس کردار کو تخلیق کیا وہ آج تک مقبول ہیں؛ یہ اِن کے ہنر کی وراست ہے۔

سپائیڈر مین کی تخلیق

1950ء کی دہائی میں، ڈِٹکو نے ایٹلس کامکس کے لئے بھی کامک بکس کو بنایا۔ ایٹلس کامکس، بعد از، ماروَل کامکس بن گیا۔ اِس وقت اِنہوں نے سپائیڈر مین کے کردار کو بھی تخلیق کیا۔ سپائیڈر مین بعد میں مارول کامکس کا الم بردار کردار بن کر ابھرا۔

سپائیڈر مین ڈِٹکو کا مقبول ترین کردار ہے۔
اِسی دورانئے میں ڈِٹکو نے دیگر اور کرداروں کی تخلیق میں بھی حصّہ لیا جس میں ڈاکٹر سٹرینج، دی ہلک، اور آئرن مین شامل ہیں۔ 1966ء میں اچانک ڈِٹکو نے ماروَل کامکس چھوڑنے کا تہیہ کر لیا۔ ڈِٹکو نے ماروَل کامکس کو کیوں چھوڑا، یہ کوئی نہیں جانتا۔ ڈِٹکو کی شخصیت ہی ایسی ہے کہ کسی کو کھل کر کبھی یہ وجہ ہی نہیں بتائی۔ البتہ اِن کی روانگی کی وجوہات پر بہت تبصرہ ہوتا رہتا ہے۔




کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں